قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے جدید علوم کی تدریس نہایت اہم ہے،وزیرِ اعظم عمران خان نے نالج اکانومی سے متعلق اجلاس میں تعلیم کیلئے ترقیاتی بجٹ بڑھانے کیلئے تجاویز طلب کرلیں

84

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان نے تعلیم کیلئے ترقیاتی بجٹ بڑھانے کیلئے تجاویز طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے جدید علوم کی تدریس نہایت اہم ہے. اسکے لئے بین الاقوامی معیار کےاداروں کا قیام احسن اقدام ہے۔انہوں ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں نالج اکانومی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی اسد عمر، معاونِ خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، وائس چیئر مین نالج ٹاسک فورس ڈاکٹر عطاء الرحمن اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔ ڈاکٹر عطاء الرحمن نے وزیرِ اعظم کو ہری پور ہزارہ میں پاکستان آسٹرین یونیورسٹی آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ انجینئرنگ کی 2.5 سال کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ منصوبے کی منظوری 2018 میں ہونے کے بعد اس کی تکمیل اور کلاسز کا آغاز ستمبر 2020 میں ہو چکا، یونیورسٹی 8 بین الاقوامی (3 آسٹرین، 5 چینی) یونیورسٹیوں سے منسلک ہے جہاں مقامی طالبِ علموں کو اعلی معیار کی تعلیمی سہولیات اور جدید علوم پڑھائے جا رہے ہیں۔اس کے علاوہ وزیرِ اعظم کو عالمی سطح پر مستقبل میں نہایت اہمیت کی حامل 12 جدید ٹیکنالوجیز کی تعلیم و ترویج کیلئے حکمتِ عملی پر بھی بریف کیا گیا جس میں تعلیم و تدریس کی آٹومیشن، توانائی کو ذخیرہ کرنے، تھری ڈی پرنٹنگ، قابلِ تجدید توانائی، روبوٹکس وغیرہ شامل ہیں۔ وزیرِ اعظم کو افرادی قوت کی استعداد بڑھانے کیلئے درجہ بہ درجہ جدید تعلیم و ہنر فراہم کرنے کی حکمتِ عملی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ مزید بتایا گیا کہ پرائمری سے لے کر پوسٹ گریجویٹ سطح تک نظام میں تبدیلیاں لائی جائیں گی اور ہنر مند افراد کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا۔ مزید ڈاکٹر عطاء الرحمن نے اجلاس کو سیالکوٹ میں حال ہی میں منظور ہونے والی بین الاقوامی انجینئرنگ یونیورسٹی پر ترجیحی بنیادوں پر کی جانے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے اس منصوبے کو نہ صرف سراہا بلکہ اس کیلئے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی. ڈاکٹر عطاء الرحمن نے اس موقع پر اجلاس کو نالج اکانومی کے 17 مجوزہ منصوبوں کے بارے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ 17 جاری منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے ان اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے جدید علوم کی تدریس نہایت اہم ہے. اسکے لئے بین الاقوامی معیار کے اداروں کا قیام احسن اقدام ہے۔ مزید وزیرِ اعظم نے تعلیم کیلئے ترقیاتی بجٹ بڑھانے کیلئے تجاویز طلب کر لیں۔