کوئٹہ۔ 21 فروری (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ قوم کی شناخت، علم و فکر کی وسعت اور دیرپا ترقی کو یقینی بنانے میں مادری زبانوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔مادری زبانوں کے عالمی دن کی سلور جوبلی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مادری زبانوں کا عالمی دن 21 فروری اس بات پر زور دیتا ہے کہ ماؤں کی غیرمشروط محبت کی بدولت مادری زبان کی قانونی حیثیت ابدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی شناخت، علم و فکر کی وسعت اور دیرپا ترقی کو یقینی بنانے میں مادری زبانوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
21 فروری کو منایاجانے والامادری زبانوں کا عالمی دن اس بات پر زور دیتا ہے کہ اقوام متحدہ کا چارٹر اور پاکستان کے 1973 کا آئین مادری زبانوں کے تحفظ اور ترقی و ترویج کی ضمانت دیتا ہے۔ متنوع زبانوں اور تہذیبوں کے درمیان ہم آہنگی اور اتحاد کو فروغ دینے کیلئے مادری زبانوں میں فکری اور ادبی کاموں کو فروغ دینا ضروری ہے۔اس دن کو منانے کا مقصد انسانوں کے درمیان رواداری اور قومی ترقی میں زبانوں کے اہم کردار کو اجاگر کرنا ہے۔
مادری زبانیں نہ صرف اظہار کا ذریعہ ہیں بلکہ باہمی رابطے کا ایک طاقتور وسیلہ بھی ہیں جو تہذیبی ورثے کو ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل کرتی ہیں۔ مادری زبانوں کے تحفظ اور ترقی و ترویج کیلئے دانشوروں، ادیبوں، شاعروں اور خاص طور پر پالیسی سازوں کی رہنمائی اور معاونت کی اشد ضرورت ہے۔ مادری زبانوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے ہم ایک زیادہ جامع اور متنوع دنیا کی طرف کام کر سکتے ہیں اور ہمارا تنوع ہی ہماری طاقت ہے۔