
اسلام آباد ۔ 24 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ قیامت کا منظر سامنے آیا ہے ،باپ بیٹے کو اور بیٹے باپ کو اور انکے پیسوں کو ماننے سے انکاری ہیں ،ایک طرف بیٹے باپ کو پیسے بھیج رہے ہیں دوسری طرف باپ اپنے بیٹے کا سیاسی مستقبل تباہ کرنے کے لئے اسے جعلی اکائونٹس کمپنی کا ڈائریکٹر بنا دیتا ہے ۔پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر فواد حسین نے کہا کہ یہ قیامت کا منظر نہیں تو اور کیا ہے کہ بچے اپنے والد کو پہچاننے سے انکاری ہوگئے ہیں ،منی لانڈرنگ اور آف شور کمپنیوں کے کیس میں والد اپنے بچوں اور بچے اپنے والد کو نہیں پہچان رہے ،بعد میں جب سارے جھوٹ پکڑے گئے تو پھر باپ اور بچے یہ کہتے ہیں کہ پیسے تو دادا کے ہیں اور دوسری جانب باپ برے وقت پر اپنے بچے کو جعلی اکائونٹس کمپنی کا ڈائریکٹر بنادیتا ہے ۔