قیدیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے جنرل ہسپتال لاہور کے سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل 7 رکنی کمیٹی تشکیل

100

لاہور ۔29اکتوبر (اے پی پی):قیدیوں کو علاج معالجے کی بہترین اور فوری سہولیات کی فراہمی کے لیے جنرل ہسپتال لاہور کے سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق عدالتی احکامات پر تشکیل دی گئی پریسنرز ہیلتھ سروس کمیٹی (پی ایچ ایس سی)کمیٹی کے ممبران میں ہیڈ شعبہ ریڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر صائمہ امیر ، ہیڈ شعبہ پتھالوجی پروفیسر ڈاکٹر نازش ثقلین، اے ایم ایس ڈاکٹر عدنان مسعود ،اے ایم ایس ایمرجنسی ڈاکٹر سید جعفر حسین ،چیف فارماسسٹ رابعہ حمیداللہ اور متعلقہ یونٹ کے پروفیسر شامل ہیں۔

اس سلسلے میں پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج، پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر اور ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر فریاد حسین نے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر عدنان مسعود اور انچارج شعبہ جی او پی ڈی ڈاکٹر ثمینہ توفیق فوکل پرسنز ہوں گے، جو جیل سپرنٹنڈنٹ کے ساتھ کوآرڈینیشن کر کے زیر علاج قیدیوں کا تمام ڈیٹا کمیٹی کو فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی روابط کے سلسلے میں ہر بدھ کو اجلاس کے انعقاد کے ذمہ دار بھی ہوں گے۔متعلقہ کمیٹی اس اجلاس کی کارروائی کی رپورٹ عدالت میں بھی پیش کرنے کی ذمہ دار ہو گی تاکہ قیدیوں کو علاج معالجے کی تمام میسر سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کو بروئے کار لایا جا سکے۔