راولپنڈی۔27جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ لئی ایکسپریس وے منصوبے کا تعمیراتی کام رواں برس شروع ہوجائے گا ، پنجاب حکومت نے مالی سال 2021-22کے بجٹ میں لئی ایکسپریس وے کی تعمیر کے لیے 55 ارب روپے مختص کیے ہیں ۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ وفاقی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تاریخی بجٹ پیش کیا ہے ،موجودہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لیے بھرپور کوشش کررہی ہے
۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ 18کلومیٹر طویل نالہ لئی ایکسپریس وے عمار چوک سے شروع ہوگی اور پنڈوڑہ میں اختتام پذیر ہوگی۔لئی ایکسپریس وے کے اطراف ہائی رائزکمرشل بلڈنگز تعمیر کی جائیں گی ۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ لئی ایکسپریس وے منصوبہ پبپل پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیا د پر مکمل کیا جائے گا اور ٹینڈرز کا عمل مکمل کرنے کے بعد رواں برس اس منصوبے پر کام شروع ہوگا
۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ لئی ایکسپریس وے شہر کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا اور اس کی بدولت ٹریفک رش کم کرنے میں معاونت ملے گی ۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ اس منصوبے کی بدولت شدید بارشوں میں سیلابی صورتحال پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی ۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایاکہ حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق تاریخی بجٹ پیش کیا جس میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا اور مختلف سکیموں میں غیرب اور متوسط طبقے کو خصوصی رعایات دی گئی ہیں
۔متعدد امپورٹڈ اشیاءپر ڈیوٹی کا خاتمہ کیا گیاہے جس سے مہنگائی کم کرنے میں مدد ملے گی اور عام شہریوں کو ریلیف ملے گا ۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی حکومت کے لیے بڑ ا چیلنج ہے اور حکومت نے قیمتوں میں اضافے پر قابو پانے کے لیے بجٹ میں متعدد تجاویز پیش کی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ لاہور میں دہشت گردی کا مقصد ملک میں بدامنی کی فضاءپیدا کرنا تھا ۔