راولپنڈی ۔ 2 اپریل (اے پی پی) لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے تبادلہ سے بھارتی فوج کو بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق منگل کو پاک فوج نے بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی سنگین خلاف ورزیوں کا جواب دیا جس سے بھارت کو نقصانات اٹھانا پڑے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلہ کے نتیجہ میں کئی بھارتی پوسٹوں کو نقصان پہنچا جبکہ 7 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ 19 زخمی ہو گئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت افواج کی جانب سے گزشتہ 48 تا 72 گھنٹوں کے دوران ایل او سی پر سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی تھی۔ بھارت نے کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال اور سول آبادی کو نشانہ بنایا۔ مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی فائرنگ سے ایک 18 سالہ لڑکا شہید ہو گیا اور 3 خواتین زخمی ہوئی ہیں، جن کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ گزشتہ روز فائرنگ کے تبادلہ سے تین پاکستانی فوجی شہید ہوئے تھے جن کی تدفین پورے فوجی اعزاز کے ساتھ کی گئی ہے۔