لائیو اسٹاک شعبہ سے معاشی ترقی ، غذائی تحفظ اور غربت کے خاتمے میں مدد مل سکتی ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا گوشت کی برآمدات اور پراسیسنگ سے متعلق اجلاس میں اظہار خیال

120
لائیو اسٹاک شعبہ سے معاشی ترقی ، غذائی تحفظ اور غربت کے خاتمے میں مدد مل سکتی ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا گوشت کی برآمدات اور پراسیسنگ سے متعلق اجلاس میں اظہار خیال

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں لائیو اسٹاک شعبہ کی ترقی پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے معاشی ترقی ، غذائی تحفظ اور غربت کے خاتمے میں مدد مل سکتی ہے، لائیو اسٹاک شعبے میں زرمبادلہ حاصل کرنے کی بڑی صلاحیت ہے، متعلقہ محکمے گوشت برآمد کنندگان کو سہولیات دینے اور ان کی مشکلات حل کرنے کے لئے اقدامات کریں۔

وہ پیر کو یہاں گوشت کی برآمدات اور پراسیسنگ کے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں لائیو سٹاک کے محکموں کے صوبائی سیکرٹریوں اور ڈائریکٹر جنرلز ، آل پاکستان میٹ ایکسپورٹرز اینڈ پروسیسرز ایسوسی ایشن کے ممبران، وزارت تجارت اور غذائی تحفظ کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نے جانوروں میں منہ کھر کی بیماری کے بارے میں پریزنٹیشن دی اور اس کی روک تھام کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے کی گئی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس میں جانوروں میں بیماری کی روک تھام کے لئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر برآمد کنندگان نے گوشت کی برآمدات کے متعلق درپیش مسائل اور مشکلات کے بارے میں اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں لائیو اسٹاک سیکٹر کی ترقی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ، اس شعبے کی ترقی سے معاشی ترقی ، غذائی تحفظ اور غربت کے خاتمے میں مدد مل سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک شعبے میں زرمبادلہ حاصل کرنے کی بڑی صلاحیت ہے ، بین الاقوامی معیار کے مطابق مصنوعات تیار کرکے برآمدی قیمت میں اضافہ ضروری ہے،

متعلقہ محکمے گوشت برآمد کنندگان کو سہولیات دینے اور ان کو درپیش مشکلات حل کرنے کے لئے اقدامات کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ حلال فوڈ کے تصدیقی عمل اور قرنطینہ سرٹیفکیٹ کے اجراء کے عمل کو آسان بنانے کی ضرورت ہے، حکومت گوشت برآمدکنندگان اور پراسیسرز کے مسائل کے حل کے لئے پرعزم ہے۔

انہوں نے زرمبادلہ کے حصول اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے لائیو سٹاک سیکٹر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نجی شعبے پر زور دیا کہ لائیو سٹاک کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔