لاہور۔6دسمبر (اے پی پی):وزیر لائیو سٹاک و زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلی لائیو سٹاک کارڈ کی تقسیم کے آغاز اور جنوبی پنجاب کے 12اضلاع کی دیہی خواتین میں لائیو سٹاک اثاثہ جات کی تقسیم کے منصوبہ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل جبکہ صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود اور اربن یونٹ کے سیکٹر ہیڈ ڈاکٹر عبدالباسط نے آن لائن شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ لائیو سٹاک کارڈ وزیر اعلی پنجاب کا ایک شاندار منصوبہ ہے جس سے مویشی پال کسان مستفید ہوں گے،لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے جانوروں کے لیے ونڈا،سالیج اور منرل مکسچر خریدا جا سکے گا جبکہ مویشی پال فارمرز کو 27ہزار فی جانور بلا سود قرضے کی سہولت ہو گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ لائیو سٹاک کارڈ کی تقسیم کا آغاز 5دسمبر سے ہو گیا ہےاوراب تک ایک ہزار لائیو سٹاک کارڈ ڈلیور ہو چکے ہیں، ایک لاکھ 14 ہزار درخواستیں موصول ہو گئیں جبکہ33 ہزار ابھی تصدیقی مراحل میں ہیں ،بینک آف پنجاب نے لائیو سٹاک کارڈ کیلئے اب تک 7ہزار درخواستوں کی منظوری دے دی ہے جن کے پاس مجموعی طور پر 50ہزار جانور موجود ہیں جبکہ مزید درخواست گزاروں کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔
صوبائی وزیر نے چیف سیکرٹری پنجاب کی سربراہی میں لائیو سٹاک کارڈ کے لیے 30فیصد کیش کی سہولت اور دوسرے متعلقہ امور کی انجام دہی کے لیے سٹیئرنگ کمیٹی بنانے کے احکامات بھی جاری کئے۔صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کی دیہی بیوہ اور مطلقہ خواتین میں لائیو سٹاک اثاثہ جات کی تقسیم کا منصوبہ غریب خواتین کی خوشحالی کے لئے سنگ میل ثابت ہو گا،یہ منصوبہ وزیر اعلی کا خواتین کی خودمختاری کا بہت بڑا پروگرام ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین میں اثاثہ جات کی تقسیم کے لیے وصول درخواستوں میں سے 12اضلاع کے مقرر کردہ کوٹہ کے مطابق پہلے سال میں 55سو بیوہ و مطلقہ خواتین کے نام الیکٹرانک قرعہ اندازی کے ذریعے نکالے جائیں گے، بعد میں بہترین جانوروں(گائیوں/بھینسوں)کی خواتین میں تقسیم مینوئل قرعہ اندازی سے ہو گی۔
سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ اب تک ایک لاکھ 10ہزار سے زیادہ خواتین نے درخواستیں جمع کرائی ہیں جبکہ پی آئی ٹی بی نے 14ہزار 5سو درخواستیں فزیکل ویریفیکیشن کیلئے اربن یونٹ کو بھیج دی ہیں جن کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک عثمان طاہر، ڈائریکٹر جنرلز توسیع،ریسرچ،پروڈکشن(لائیو سٹاک)، گروپ چیف کارپوریٹ اینڈ انوسٹمنٹ بینک آف پنجاب نوفل داد ، پی آئی ٹی بی ،اربن یونٹ اور پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=532956