اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):لازوال، سدا بہار گیتوں کے خالق خواجہ پرویز کو مداحوں سے بچھڑے 13 برس بیت گئے، جمعرات 20 جون کو برسی منائی گئی۔خواجہ پرویز 1932ء میں امرتسر کے ایک کشمیری گھرانے میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا اصل نام خواجہ غلام محی الدین تھا جبکہ پرویز تخلص تھا۔ تقسیم ہند کے بعد وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان آگئے اور لاہور کو اپنا مسکن بنایا، 1950ء کی دہائی میں گیت نگاری سے وابستہ ہو گئے۔
خواجہ پرویز نے فلم نگری میں اپنے 40سالہ کیریئر کے دوران اردو اور پنجابی زبانوں میں 10 ہزار سے زیادہ فلمی گیت لکھے جو بہت مقبول ہوئے اور اکثر گیت لازوال اور یادگار بن گئے۔ ان کے نغمے فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جاتے تھے۔ باغ و بہار شخصیت اور عظیم نغمہ نگار خواجہ پرویز 20 جون 2011ء کو دنیا فانی سے کوچ کر گئےتھے۔ خواجہ پرویز کی 13 ویں برسی کے موقع پر علمی، ادبی حلقوں اور شوبز انڈسٹری کے زیر اہتمام تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور ان کی خدمات پر خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔