واشنگٹن ۔ 02 اکتوبر (اے پی پی)امریکا شہر لاس ویگاس میں ساحل کے کنارے روایتی میوزک کنسرٹ کے دوران فائرنگ سے کم از کم58 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہو گئے۔مقامی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست نیوڈا کے شہرلاس ویگاس کی ساحلی پٹی مینڈالے بے پر واقع ایک ہوٹل کے قریب روایتی میوزک میلے روٹ91 ہارویسٹ فیسٹیول جاری تھا کہ ایک مسلح شخص نے ہوٹل کی 32 ویں منزل سے اپنے کمرے کی کھڑکی سے نیچے ہزاروں افراد کے ہجوم پراندھا دھند فائرنگ کردی جس سے کے نتیجے میں وہاں موجود کم از کم 58 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی مارا گیا۔ نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ایک پولیس اہلکار سمیت بعض زخمیوںکی حالت تشویش ناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب حکام نے شہر میں سیکیورٹی بڑھادی ہے جبکہ لاس ویگاس ائیر پورٹ اور ہوٹلز کو بند کرتے ہوئے پروازوں کا رخ بھی موڑ دیا گیاہے۔مقامی پولیس کے مطابق حملہ آور اسی علاقے کا رہائشی تھا جس کی عمر 64 سال تھی اور وہ سٹیفن پیڈوک کے نام سے جانا جاتا تھا،پولیس کو اس کے ہوٹل کے کمرے سے مختلف ہتھیار ملے ہیں جبکہ اس کی ایک ایشیائی نژاد خاتون ساتھی ماریلو ڈینلی کی تلاش کی جارہی ہے جس کے بارے معلوم نہیں کہ وہ حملے کے وقت اس کے ساتھ تھی یا نہیں تاہم وہ واقعہ کے بعد سے غائب ہے۔امریکی صدر نے واقعے کو شیطانی عمل قرار دیا ہے۔