لانس نائیک محفوظ شہید کا دفاع وطن کی خاطر جان قربان کر دینے کا جذبہ نسل نو کیلئے مشعل راہ ہے،وزیراعظم شہباز شریف

132
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےکہا ہے کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کا وطن سے عہد وفا اور ملک کے دفاع کی خاطر اپنی جان تک قربان کر دینے کا جذبہ نسل نو کیلئے مشعل راہ ہے،انہوں نے دشمن کے طاقت اور عددی برتری کے نشے کو خاک میں ملا دیا،1971 میں واہگہ باڈر پر مثالی جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر دشمن کو پسپا کرتے رہے۔

بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق 1971 کی جنگ میں جرأت و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کی 53 ویں یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 1971 میں واہگہ باڈر پر مثالی جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر دشمن کو پسپا کرتے رہے،لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر نے دشمن کے طاقت اور عددی برتری کے نشے کو خاک میں ملا دیا۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید فرض شناسی اور حب وطنی کی وہ سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے جس نے وطن عزیز کو دشمنوں کے ناپاک عزائم سے محفوظ رکھا،لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کا وطن سے عہد وفا اور ملک کے دفاع کی خاطر اپنی جان تک قربان کر دینے کا جذبہ نسل نو کیلئے مشعل راہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے شہدا اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔پاکستانی قوم دفاعِ وطن کیلئے افواج پاکستان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔