لاہور۔1نومبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کی آگے بڑھتے ہوئے ٹانگیں کانپ رہی ہیں،عمران خان کے لانگ مارچ کا صرف ایک مطالبہ ہے کہ مجھے اقتدار کی کرسی پر واپس بٹھائو، عام انتخابات وقت پر ہوں گے ، آرمی چیف کی تعیناتی ہو یا الیکشن،اس کا اعلان وزیر اعظم محمد شہباز شریف ہی کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ لانگ مارچ کی آگے بڑھتے ہوئے ٹانگیں کانپ رہی ہیں،لانگ مارچ والے کسی اشارے کے انتظار میں ہیں،عمران خان اب سہولت کاری نہیں ہوگی،عمران خان کے لانگ مارچ کا کوئی عوامی مطالبہ نہیں کہ پیٹرول، گیس سستی کرو یا عوام کو سہولت دو،صرف ایک مطالبہ اقتدار کی کرسی پر واپس بٹھائو۔طلال چوہدری نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اداروں کو برا بھلا کہیں گے تو یہ پریشر حکومت پر ڈال کر آپ کامطالبہ پورا کریں گے، عمران خان اب دو ہزار اٹھارہ نہیں، حالات تبدیل ہوگئے ہیں، الیکشن اپنی مقررہ مدت پر ہوں گے ۔
طلال چوہدری نے کہا کہ کوئی عمران خان کو منہ نہیں لگا رہا، وہ نہ گھر نہ گھاٹ کے رہے،ہم آپ کو منہ نہیں لگائیں گے ،عمران خان کا مطالبہ ایک ہے کہ اقتدار کی کرسی واپس کی جائے ، میں کہتا ہوں جلدی کس بات کی ہے ،دس ماہ بعد الیکشن ہوجائیگا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت پانی کے بلبلے کی طرح ہے کیونکہ اگر کچھ کیسز کے فیصلے آگئے تو ان کی سیاست ختم ہوجائے گی،وہ ڈی چوک نہیں اڈیالہ ضرور پہنچیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے فورم پر ہی بات ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ (ن )لیگ کو مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان تم نے چار سال کیا کیا اس پر تقریر کرو،ڈاکو اعلی نے پنجاب میں کیا کیا ،وہ تو آٹا ہی کھا گیا،پرویز الہی کا بیٹا مونس الہی کرائون پرنس بنا ہوا ہے اس کا کیا کام ہے ہر سرکاری اجلاس کی سربراہی کرے۔ڈی سی ،ڈی پی او افسران کی تعیناتی کے لیے این او سی تک مونس الہی سودے کررہا ہے، کرائون پرنس والا کام پنجاب میں نہیں چلنے دیں گے۔طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان اسلام آباد جانے سے ڈر کیوں رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی ہو یا الیکشن کا اعلان شہباز شریف ہی کریں گے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ لانگ مارچ کا اثر حکومت پر نہیں ہوگا،تم کبھی گالیاں تو کبھی واسطے دیتے ہو۔انہوں نے کہا کہ ساری جماعتیں جدوجہد کرتی رہیں ۔طلال چوہدری نے کہا کہ جتنی گالیاں نکالنی ہیں نکال لو کسی پریشر میں نہیں آئیں گے،بات کریں گے صرف پارلیمنٹ کے فورم پر یا الیکشن میثاق معیشت پر ہی بات ہو گی، لانگ مارچ کی بجائے غریب کی روٹی کیلئے میثاق معیشت کرو،دو صوبوں میں تمہاری حکومت ہے۔
غریب کا چولہا تو چلنا چاہئیے، میثاق معیشت پر ہی بات ہوگی پھر صاف شفاف الیکشن پر بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے الیکشن کو نوازشریف لیڈ کریں گے، صاف شفاف الیکشن کیلئے جو زیادتیاں ہوئیں اس کا ازالہ بھی ہوگا۔ طلال چوہدری نے کہا کہ فواد چودھری کہتے ہیں کہ ن لیگ لیڈر شپ طعنے دے رہی ہے کہ لانگ مارچ میں تین ہزار لوگ ہیں، میں ان سے کہتا ہوں کہ دو تین دن لے لیں بیس ہزار لوگ لا کر دکھائیں۔