’لاپتا‘ اِی میلز کی تلاش، روس کلنٹن کا کمپیوٹر ہیک کرے، ٹرمپ

154

واشنگٹن۔ 28 جولائی (اے پی پی) امریکی ری پبلیکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز روس کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ ان کے ڈیموکریٹک پارٹی کی مخالف صدارتی امیدوار، ہیلری کلنٹن کے اِی میل سرور کو ہیک کرے اور ”لاپتا 30000 اِی میلز کا پتا لگایا جائے“، جِن کا تعلق اس دور سے ہے جب وہ ملک کی وزیر خارجہ تھیں۔ وائس آف امریکا کے مطابق ٹرمپ نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ”یہ بات دلچسپی کی حامل ہے۔ میں آپ کو یہ بتاوں گا، روس، اگر آپ سن رہے ہو، میرے خیال میں آپ لاپتا 30000 اِی میلز کو تلاش کرلیں گے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ممکنہ طور پر ہمارا پریس آپ کو اِس کا زوردار صلہ دے گا“۔انھوں نے کہا کہ ”شاید“ روس کے پاس پہلے ہی کلنٹن کی اِی میلز ہوں، جنھیں نجی بتایا جاتا ہے اور جنھیں اِی میل کے سرور سے ڈیلیٹ کیا گیا، جو 2009ءسے 2013ء کے دوران چوٹی کی امریکی سفارت کار کے زیرِ استعمال رہا، جو صدر براک اوباما کی پہلی میعادِ صدارت کا دور تھا۔