لاڑکانہ،ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب کی جانب سے ملازمین کی پنشن و مراعات کے حوالے سے کھلی کچھری کا انعقاد

96
الیکشن ٹریبونل نے حلقہ پی بی 31 سے متعلق دائر انتخابی عذرداری خارج کر دی

لاڑکانہ ۔27نومبر (اے پی پی):صوبائی محتسب سندھ کی ہدایات کے تحت ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب لاڑکانہ علی اکبر جاگیرانی کی جانب سے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس لاڑکانہ میں موجودہ اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور دیگر مراعات کے بارے میں کھلی کچھری کا انعقاد کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر ظفر عباس انڑ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر عبدالفتاح سومرو اور اکاؤنٹنٹ حامد ابڑو نے بھی کھلی کچہری میں شرکت کی۔

اس موقع پر کل 14کیسز پیش کیے گئے جن کے حل کے لیے ریجنل ڈائریکٹر نے اس بات پر زور دیا کہ ان کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد حل کیا جائے۔ اس موقع پر مسمات منور خاتون، مسمات امتیاز، سلیم پنہور، نور احمد شاہ، (ریٹائرڈ وارڈ سرونٹ)، امتیاز بھٹو، مسمات عابدہ، محمد عظیم کی اہلیہ، محمد یامین، اشوک کمار نے کم پنشن ملنے اور ریٹائرڈ ٹیچر اطہر سومرو نے شکایت کی کہ وہ 31 مارچ 2023 کو ریٹائر ہوا ہے لیکن آج تک پنشن نہیں ملی اس لیے شکایت کا ازالا کیا جائے اور پنشن دی جائے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر ظفر عباس نے وضاحت کی کہ ان کا مسئلہ ہائی کورٹ میں ہے جیسے ہی فیصلہ ہوا انہیں پنشن جاری کی جائے گی۔کھلی کچھری کے دوران مسمات مختیار بیگم، امان اللہ ببر نے پنشن نہ ملنے کی شکایت بھی کی جس پر ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب علی اکبر جاگیرانی نے انہیں کہا کہ آپ کی پنشن جلد جاری کر دی جائے گی اور اس سلسلے میں انہوں نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کو ہدایات بھی جاری کیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر نے کہا کہ ہم ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے کوششیں کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ملازم کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ کھلی کچھری میں مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔