لاڑکانہ، ایک ہی خاندان کی چار کمسن بچیاں پانی کے تالاب میں ڈوب کر جاں بحق

21

لاڑکانہ۔7جولائی (اے پی پی):لاڑکانہ سے پینتیس کلو میٹر دور باڈہ باقرانی کے نواحی گاؤں صاحب خان ملاو میں افسوسناک واقعہ ہوا۔ایک ہی خاندان کی چار کمسن بچیاں پانی کے تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا جبکہ گاؤں کی فضاء سوگوار ہوگئی۔چاروں بچیاں اپنے والدین کی طرف زمین پر جا رہی تھیں،جو قریبی زرعی زمینوں میں کام میں مصروف تھے۔

راستے میں گاؤں کے قریب موجود تالاب میں ایک بچی گر گئی وہ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھی دیگر بچیوں کے لاپتہ ہونے کے بعد کئی گھنٹوں تک کوئی خبر نہ ملی، یہاں تک کہ ایک راہگیر نے تالاب میں ایک بچی کی لاش تیرتی دیکھی اور گاؤں والوں کو اطلاع دی تو ورثا تالاب پر پہنچ گئے اور لاش نکالنے کے بعد مزید تین بچیوں کی لاشیں تالاب سے نکال لیں۔

جاں بحق بچیوں میں پانچ سالہ بشریٰ دختر ضمیر ملاو،سات سالہ حمیرا دختر اسحاق ملاو، سات سالہ فاطمہ دختر اللہ ڈنو ملاو، آٹھ سالہ آمنہ دختر بشیر ملاو چاروں بچیاں آپس میں قریبی رشتہ دار کزن تھیں۔ جب لاشیں گھروں میں پہنچیں تو کہرام مچ گیا، معصوم کلیوں کی اچانک موت پر گاوں کے ہر شخص کی آنکھ اشکبار ہو گئی