لاڑکانہ۔1مئی (اے پی پی):لاڑکانہ سمیت گردونواح میں گرمی کی شدت میں اضافہ اور درجہ حرارت تقریباً47 سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا، ہیٹ ویو کے باعث متعدد افراد بے ہوش ہو گئے جبکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ اور گردونواح میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔جمعرات کے روز لاڑکانہ اور گردونواح کے علاقوں میں درجہ حرارت تقریباً47 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا، شدید گرمی کی وجہ سے شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے جبکہ گرمی کی وجہ سے متعدد شہریوں کے بے ہوش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں،
لاڑکانہ میں ایک طرف گرمی تو دوسری جانب بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ نے عوام کو پریشان حال کر دیا ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ کا سلسلہ بند کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ڈاکٹروں نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ بلاوجہ گھروں سے باہر نہ نکلیں، پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور باہر نکلتے وقت سر کو ڈھانپ کر رکھیں،گرمی سے بچاو کے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590929