لاڑکانہ۔ 3 اگست(اے پی پی) کمشنر لاڑکانہ ڈویزن محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ اس سال بھی ڈویژن کے اندر 14 اگست یوم آزادی بڑے جوش، جذبے اور احترام کے ساتھ منایا جائے گا کیونکہ اس ملک کو ہمارے بزرگوں نے بڑی قربانی کے بعد حاصل کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ جس میں لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، شکارپور، جیکب آباد اور کشمور کندھ کوٹ کے ڈپٹی کمشنرز، محکمہ تعلیم کے افسران، میئر لاڑکانہ محمد اسلم شیخ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے کہا کہ جشن آزادی کے پروگرام ضلعی، تحصیل اور یوسی سطح پر منعقد کیے جائیں گے، یوم آزادی پروگراموں میں تمام سرکاری اداروں کو بھرپور حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں ڈپٹی کمشنر، تحصیل میں اسسٹنٹ کمشنر جشن آزادی کے پروگرام منعقد کریں۔ جش آزادی کے موقع پر نعت، قومی نغمے، ڈبیٹ، مارچ پاسٹ، پرچم کشائی وغیرہ کے پروگرام ترتیب دیئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان اس ملک کا سرمایہ ہیں انہیں ان پروگراموں میں شامل کیا جائے اور انہیں پاکستان کی تاریخ اور آزادی کی جدوجہد سے روشناس کیا جائے۔ سرکاری عمارتوں پر چراغان کیا جائے، سرکاری گاڑیوں، مین روڈوں اور چوراہوں پر پاکستانی پرچم لہرایا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=65584