لاہور۔5فروری (اے پی پی):وزیر قانون و پارلیمانی امور پنجاب محمد بشارت راجہ نے یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منانا اہل پاکستان کی کشمیر سے محبت کا ثبوت ہے۔ اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ لاکھوں بھارتی فورسز کا جبر بھی کشمیریوں کا جذبہ حریت ماند نہیں کرسکا۔
وزیراعظم عمران خان صحیح معنوں میں کشمیر کے سفیر بنے اور انہوں نے ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کیلئے آواز اٹھائی۔ راجہ بشارت نے کہا کہ میرا ایمان ہے ظلم کی سیاہ رات زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکتی۔ لاکھوں کشمیری شہدا کا خون رنگ لائے گا اور باطل کا منہ کالا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے ہر کونے میں کشمیر ہمارا ہے کی آواز گونج رہی ہے۔ ہم کشمیری بہن بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ اس جدوجہد میں وہ تنہا نہیں۔ انہیں اہل پاکستان کی اخلاقی اور سفارتی حمایت ہمیشہ حاصل رہے گی۔