فیصل آباد۔23مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ 27 مارچ کو اسلام آباد میں ہونیوالا پی ٹی آئی کا جلسہ ملکی تاریخ کے بڑے اجتماعات میں سے ایک ہوگاجس میں شرکت کیلئے فیصل آباد سمیت دیگر شہروں سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ اپنے قائد عمران خان پر اعتماد کے اظہار کیلئے اسلام آباد پہنچیں گے اور بتادیں گے کہ کرپٹ ٹولہ کی طرف سے وزیر اعظم کے خلاف کسی غیر جمہوری اقدام کو قبول نہیں کیا جا ئے گا۔وہ بدھ کی رات پی ٹی آئی فیصل آباد کی جانب سے 27 مارچ کے جلسہ میں شرکت کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے ریجنسی گرینڈ مارکی میں منعقدہ ورکرز اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی فیصل آباد کے صدر چوہدری لطیف نذر ایم پی اے و چیئرمین ایف ڈی اے، میاں وارث عزیز ایم پی اے و چیئرمین پی ایچ اے،میاں نبیل ارشد،عادل رفیع چیمہ،حسن نیازی سیکرٹری پی ٹی آئی فیصل آباد، دیگر عہدیداران و ممبران اور پارٹی ورکرز بڑی تعداد میں شریک تھے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے تین سال کی دن رات کی جدوجہد کے بعد ملک کو درست سمت پر گامزن کیا اور اس شبانہ روز کوشش کے نتیجہ میں معاشی اعشاریوں میں بہتری آئی لیکن چوروں اور لٹیروں کو ملکی ترقی اور غریب و متوسط آدمی کو ملنے والا ریلیف ہضم نہیں ہورہا۔
انہوں نے کہا کہ تین ماہ میں دوسری بار اسلام آباد میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس کا انعقاد اس بات کا غماز ہے کہ امت مسلمہ کو عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے لیکن یہ بات یہود و ہنود اور ان کے چیلوں کو ٹکنے نہیں دے رہی۔انہوں نے کہا کہ تمام قومی چور، لٹیرے اور مافیاز وزیراعظم عمران خان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے بو کھلا کر اکٹھے ہو گئے ہیں لیکن یہ سب جان لیں کہ عمران خان ڈٹ کر کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا نیز اس کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہ صرف بری طرح ناکام ہوگی بلکہ عمران خان اپنی موجودہ پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرنے کے بعد اگلی پانچ سالہ مدت کیلئے بھی ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے عمران خان کے نام، ان کے پارٹی ٹکٹ اورانتخابی نشان پر کامیاب ہونیوالوں کو قطعاً یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ عوامی مینڈیٹ کی توہین کرکے اپنا ضمیر بیچ دیں۔فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان نے منحرف اور باغی ارکان کیلئے عام معافی کا اعلان کیا ہے اسلئے اگر ان میں ذرا سا بھی شعور ہے تو وہ اپنی سیاسی بربادی سے بچنے کیلئے فوری واپس لوٹ آئیں ورنہ ان کی قسمت کا فیصلہ آئین اور قانون کی روشنی میں کیا جا ئے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے 27 مارچ کے اسلام آباد کے جلسہ کے حوالے سے تیاری اور کارکنوں کو وارم اپ کرنے کیلئے 25 مارچ کو ان کے انتخابی ڈیرہ ڈی گراؤنڈ فیصل آباد میں کارکنان اور پارٹی ورکرز کا ایک شاندار اجتماع منعقد کیا جا ئے گا اور فیصل آباد سے ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں اور پارٹی ورکرز کے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان بچانے نکلے ہیں اسلئے ہمیں ان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہونا ہوگا ورنہ 30 سال سے جاری لوٹ مار، اقربا پروری اور سٹیٹس کو کی سیاست کے خلاف تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں یوتھ پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اگر انہوں نے اپنا مستقبل محفوظ بنانا اور ملکی فرسودہ نظام کو تبدیل کرنا ہے تو وہ گھروں سے نکلیں اور عمران خان کے شانہ بشانہ ملکی استحکام اور تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔