بھکر۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):ضلع بھکر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 28 اکتوبر سے ہو رہا ہے جو کہ یکم نومبر تک جاری رہے گا اس سلسلہ میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کے زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی محکمہ صحت کی جانب سے پولیو مہم کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمٰن خان زاہد،محکمہ ایجوکیشن،پولیس اور ہیلتھ کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع میں راؤنڈ کے دوران مجموعی طور پر 365862 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائینگے اس کیلئے ضلعی محکمہ صحت کی 1500 ٹیمیں اپنے فرائض سرانجام دیں گی۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نےاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو پولیو فری ممالک کی فہرست میں لانے کیلئے ضروری ہے کہ والدین اپنے چھوٹے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے ہر صورت پلوائیں تاکہ ملک کو پولیو فری اعزاز کیساتھ ساتھ بچوں کو بھی عمر بھر کیلئے اپاہج کردینے والی بیماری سے محفوظ رکھا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں بچوں کے والدین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو حفاظتی ویکسین کے قطرے پلوا کر انہیں عمر بھر کی بیماری سے بچائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سول سوسائٹی کے سرکردہ افراد پولیو سے پاک پاکستان کیلئے اپنا معاون کردار ادا کریں اور اس قومی فریضہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔