لاہور۔25اپریل (اے پی پی):محکمہ جنگلی حیات پنجاب نے تونسہ شریف اور گوجرانوالہ شہر میں کارروائیوں کے دوران تحفظ شدہ جنگلی پرندوں کی غیر قانونی تجارت میں ملوث 4ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے 16گانیدار طوطے ، 2چکور ،2تیتر ، 51بٹیر اور 50ویو ر برڈز برآمد کرلئے ۔
ترجمان کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ڈی جی خان سدرالمنتہی کی سربراہی میں تونسہ شہر میں تحفظ شدہ جنگلی پرندوں کی بازیابی کے لئے خصوصی کریک ڈائون کیا گیا او ر جنگلی پرندوں کے 3غیر قانونی ڈیلرز کو موقع پر گرفتار کرکے 16گانیدار طوطے ،2چکور ،1بھورا تیتر ، 1کالاتیتر اور 51بٹیر برآمدکرلئے اور ملزمان کا وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کرکے ان سے 30ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ وصول کیا اور ضبط شدہ تمام طوطے ، چکور اور تیتر تونسہ منی زو منتقل کردیئے جبکہ بٹیر وں کو کوہ ِسلیمان کے علاقہ میں قدرتی ماحول میں آزاد کردیا۔
ایک دوسری کارروائی کے دوران ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجرزاہد اقبال شیخ کی سربراہی میں ریڈ سکواڈ نے گوجرانوالہ شہر میں ویور برڈز فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے 50پرندے برآمد کر لئے ۔ ملزم کے خلاف تھانہ صدرگوجرانوالہ میں ایف آئی آر درج کر کے چالان عدالت میں پیش کیا ۔عدالت نے ملزمان کو 14روز ہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جبکہ ضبط شدہ پرندوں کو قدرتی ماحول میں آزاد کرنے کا حکم دیاجنہیں مقامی ایس ایچ او کی موجودگی میں آزاد کر دیاگیا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587622