لاہور۔12فروری (اے پی پی):سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے آزاد منتخب ہونے والے پانچ ارکان اسمبلی نے ملاقات کی اور مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق ملاقات کرنے والوں میں این اے 189 سے سردار شمشیر مزاری، پی پی 195 سے عمران اکرم، پی پی 240 سے سہیل خان، پی پی 297 سے خضر حسین مزاری اور پی پی 249 سے صاحبزادہ محمد گزین عباسی شامل تھے۔تمام ارکان نے قائد نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر شہباز شریف نے آزاد ارکان کا پارٹی میں شمولیت پر خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں مبارک دی اور کہا کہ میں آپ کے جذبے کو سراہتا ہوں،آپ پاکستان کو سنوارنے اور عوام کو مشکلات سے نجات دلانے والے قافلے کا حصہ بنے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا اولین ایجنڈا ملک اور قوم کی معاشی خوشحالی ہے،پہلے سے بھی بڑھ کر عوام کی خدمت کریں گے۔اس موقع پر نومنتخب ارکان اسمبلی نے نواز شریف اور شہباز شریف کی ملک وقوم کے لئے خدمات اور جذبے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کو نواز شریف کے پرخلوص وژن، ترقی کے ایجنڈے اور خدمت کے تجربے کی ضرورت ہے۔