لاہور۔6نومبر (اے پی پی):پاکستانی فوڈ اینڈ سنیکس ایکسپورٹرز کا ایک وفد بدھ کو ملائیشیا کے دو ہفتے کے دورے پر روانہ ہو گیا۔ روانگی سے قبل وفد کے رہنما سیف الرحمان نے میڈیا کو بتایا کہ یہ دورہ ملائیشیا کی حلال فوڈ مارکیٹ میں برآمدات کے نئے مواقع تلاش کرنے سمیت دونوں مسلم ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی طرف اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دورہ جنوب مشرقی ایشیائی منڈی بالخصوص اس خطے کی فوڈ اینڈ سنیکس مارکیٹ میں برآمدات کے فروغ کےلئے بڑا پوٹینشل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بڑے برآمد کنندگان و صنعتکاروں کا نمائندہ وفد ملائیشیا کے درآمد کنندگان، تقسیم کاروں اور حکومتی عہدیداروں کے ساتھ ملاقاتیں کرے گا تاکہ پاکستان کی متنوع غذائی مصنوعات بارے آگاہی دی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد ملائیشیا کی حلال فوڈ کی بڑھتی مانگ کو پورا کرنا ہے، پاکستان اور ملائیشیا باہمی اقتصادی ترقی کے فروغ اور طویل المدتی تعاون کی راہیں ہموار کر سکتے ہیں۔ سیف الرحمان نے کہا کہ یہ دورہ اقتصادی شعبوں میں تعاون اور تجارت کے فروغ کے ذریعے دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھولنے میں معاون ہو گا۔