لاہور۔22نومبر (اے پی پی):فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور کے علاقے سلامت پورہ میں چھاپے کے دوران ناقص آئل میں سنیکس تیار کرنے والا یونٹ سیل کردیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے اس حوالے سے جاری بیان میں بتایا کہ گھر میں چھپ کر ناقص اجزا سے مضر صحت سنیکس تیار کرنے پر کارروائی کی گئی، فرائنگ کے لیے کھلے اور ناقص آئل کا استعمال کیا جا رہا تھا،اس کے علاوہ وہاں ناقص سٹوریج، زنگ آلود برتن اور کیڑے مکوڑوں کی بھرمار پائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ لیبل پر تاریخ اجرا اور تنسیخ موجود نہیں تھی، خوراک کا کاروبار لائسنس کے بغیر کیا جارہا تھا، کھلی نالیاں، گندا واشنگ ایریا اور بدبودار ماحول پایا گیا، انتہائی لازم ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکلز بھی نہیں ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں ملاوٹ اور جعلسازی مافیا کا قلع قمع کرنے کے لیے فوڈ سیفٹی ٹیمیں مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں، خوراک کی تیاری سے ترسیل تک تمام مراحل کو بین الاقوامی طرز کے مطابق لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جعلساز مافیا معاشرے کا ناسور ہے، اس کے خاتمے کے لیے عوام پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں،شکایت کی صورت میں 1223پر اطلاع دیں ۔