لاہور۔13جنوری (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی )فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور بکر امنڈی میں گرینڈ آپریشن کے دوران 500کلو ناقص گوشت تلف کر دیا، سپلائر پک اپ بھی ضبط کر لی گئی ۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ویجیلنس ٹیم کی بروقت اطلاع پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ڈی جی فوڈاتھارٹی عاصم جاوید نے اس حوالے سے بتایا کہ بیمار ومردہ جانور کو پیمکو بھٹی میں جلا کر تلف کر دیا گیا، بیمارجانور کو ذبح کر کے گاڑی میں سامان کے نیچے چھپایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جانور کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، گوشت انسانی صحت کے لیے نقصان دہ تھا، مالکان کے پاس جانور کا ہیلتھ فٹنس سرٹیفکیٹ بھی موجود نہ تھا۔ ڈی جی نے کہا کہ جعل ساز مافیا زیادہ منافع کی لالچ میں خوراک نہیں بیماری فروخت کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں معیاری خوراک کی یقینی فراہمی کے لیے مسلسل چیکنگ جاری رکھے ہوئے ہیں ،صحت دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ڈی جی نے کہا کہ شہری جعل ساز مافیا کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن1223 پر دیں۔