لاہور،محکمہ تحفظ ماحول کی فضائی آلودگی میں اضافے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو اقدامات کی ہدایت، سکولوں کے اوقات تبدیل

146
لاہور،محکمہ تحفظ ماحول کی فضائی آلودگی میں اضافے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو اقدامات کی ہدایت، سکولوں کے اوقات تبدیل
لاہور،محکمہ تحفظ ماحول کی فضائی آلودگی میں اضافے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو اقدامات کی ہدایت، سکولوں کے اوقات تبدیل

لاہور۔23اکتوبر (اے پی پی):محکمہ تحفظ ماحول پنجاب نے فضائی آلودگی کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات کی ہدایت کر دی ۔ ترجمان محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کے مطابق لاہور میں ایئرکوالٹی انڈیکس 150ہونے کے باعث بچوں اور بزرگوں کی صحت کے پیش نظر سکول ٹائمنگز میں تبدیلی کی گئی ہے،

صبح 8:45سے پہلے سکول شروع نہیں کیے جائیں گے، سکولوں کے یہ اوقات کار 28 اکتوبربروز پیر تا31جنوری 2025 تک نافذ العمل رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کواسمبلی کلاس رومز میں کروائی جائے اورہر قسم کی آئوٹ ڈور سرگرمیوں کو معطل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دریں اثنا سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سموگ سے بچنے کے لیے لازمی طورپر ماسک اوردیگر حفاظتی تدابیر اختیار کریں،روزانہ محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کی ایپ سے اے کیوای کے مطابق ہرشہری اقدامات اورسفر کرےخاص طور پر بچے اوربزرگ بلاوجہ سفر اور اوپن سرگرمیوں سے گریز کریں۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ گھروں کی کھڑکیاں دروازے بند رکھیں اور زیادہ دیر کھلی جگہوں پر نہ رہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ 31جنوری 2025 تک لاہورمیں ہر قسم کی آتش بازی پر سخت پابندی ،چلتی دھواں دیتی گاڑیوں موٹربائیکس،رکشوں اوربسوں کو کلیمپ کیاجائے گا۔یہ تمام حفاظتی اقدامات بچوں ،بزرگوں اورتمام شہریوں کو سموگ کے منفی اثرات سے بچانے کے لیے کیے جارہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سموگ میں کمی کے لیے تمام افراد حکومت کا ساتھ دیں اور ہر قسم کے دھوئیں کی فوری اطلاع 1373 پر کریں،ای پی اے فوری کارروائی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنی گاڑیوں کی فوری فٹنس کروائیں اور سموگ میں مزید اضافہ نہ کریں۔