لاہور۔9مئی (اے پی پی):پاک بھارت حالیہ جنگی کشیدگی کے تناظر میں صوبائی دارالحکومت کی تمام مساجد میں جمعہ کے روز وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، استحکام اور پاک فوج کی کامیابی و حفاظت کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا گیا۔
شہر کی مرکزی مساجد،جن میں بادشاہی مسجد، داتا دربار مسجد، جامعہ اشرفیہ، مسجد شہدا،جامعہ نعیمیہ،جامع مسجد بحریہ ٹائون و دیگر مساجد شامل تھیں۔اس موقع پر علمائے کرام نے خطبات جمعہ کے دوران عوام کو اتحاد، صبر اور افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے اور ہمیں انفرادی و اجتماعی طور پر دعا، صبر، اتحاد اور افواجِ پاکستان پر مکمل اعتماد کا اظہارکرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے،پاک افواج نے ہر محاذ پر دشمن کو ناکوں چنے چبوائے ہیں اور اسے بھاگنے پر مجبور کیا ہے۔
علما نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اور مسلح افواج دشمن کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے،ہمیں اس وقت اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے ذاتی اختلافات بھلا کر ملک کی حفاظت کے لئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا چاہیے۔خطبات کے اختتام پر بعد از نماز جمعہ ملکی بقا، سلامتی، سرحدوں کی حفاظت اور شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594888