لاہور۔26اگست (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ لاہور نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے شاہدرہ اور سگیاں والا بائی پاس کا دورہ کیا اور فلڈ وارننگ کے پیش نظر ایمرجنسی و ریسکیو انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر راوی، ریسکیو 1122 اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر راوی اور ریسکیو حکام نے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دریائے راوی میں اس وقت 40 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران 60 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزرنے کی پیش گوئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے ہدایت دی کہ نشیبی علاقوں سے آبادی کے انخلاء کا جامع پلان فوری طور پر مرتب کیا جائے۔ریلیف کیمپوں میں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔دریائے راوی کے اطراف مشینری اور عملے کی 24 گھنٹے موجودگی یقینی بنائی جائے۔تمام متعلقہ محکمے ہمہ وقت الرٹ رہیں اور پیشگی اقدامات کو حتمی شکل دی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 سمیت تمام ادارے تیار ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی سیلابی صورتحال سے موثر طریقے سے نمٹا جائے گا، حفاظتی اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہماری ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی نقصان سے بچا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ ممکنہ خطرات پر پیشگی قابو پایا جا سکے۔