لاہور۔19اکتوبر (اے پی پی):چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو صوبے میں ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کےخلاف جاری کریک ڈائون تیز کرنے کا حکم دے دیا۔ترجمان کے مطابق سول سیکرٹریٹ میں ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کےخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس میں اشیا ئےخوردونوش کی قیمتوں اور دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ مختلف شہروں میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں فرق کی بنیادی وجہ سپلائی کی کمی ہے، قیمتوں میں استحکام کےلئے ڈپٹی کمشنرز آپس میں رابطہ کار بڑھائیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف کی فراہمی میں انتظامی افسران کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ چیف سیکرٹری نے اربن یونٹ کو اشیا کے نرخوں کے موازنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔سیکرٹری صنعت احسان بھٹہ نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ اشیا ئےضرور یہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کےلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ نے کہا کہ صوبے بھر میں سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کےخلاف کریک ڈائون جاری ہے اورمختلف اضلاع میں بڑی مقدار میں ذخیرہ کی گئی اشیا برآمد کی گئی ہیں۔
اجلاس میں صنعت، خوراک، زراعت کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، سی ای او اربن یونٹ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔