لاہور۔20مارچ (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدراک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے رمضان المبارک کے دوران مارکیٹیں پیر تا جمعہ رات بارہ بجے تک جبکہ ہفتہ اور اتوار کو رات ایک بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت دینے کا تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کردیا ۔
ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے بدھ کے روز گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کیا جس میں عدالت نے کہا کہ مارکیٹوں کے اوقات کار صرف رمضان المبارک کے لیے ہیں۔ حکم کے مطابق محکمہ پی ڈی ایم اے نے سکولز کے بچوں کے لیے ماحولیات سے متعلق سلیبس عدالت میں پیش کیا۔تحریری حکم میں ٹولنٹن مارکیٹ کے مسئلے کا مستقل حل نکالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عدالت نے ٹولنٹن مارکیٹ سے متعلق رپورٹ بھی طلب کر لی۔