لاہور۔21مارچ (اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایات پر واسا لاہور شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے متحرک ہے۔ وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد اور ایم ڈی واسا غفران احمد کی زیر صدارت شالیمار ٹان کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایم ڈی واسا غفران احمد نے ترقیاتی کاموں کی سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو کام کی رفتار تیز کرنے کی سخت ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی
اور تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ایم ڈی واسا نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو یقینی بنائیں اور فیلڈ میں موجود رہ کر ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں تاکہ کام کا معیار اور شفافیت برقرار رہے۔ اس موقع پر وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد نے بھی زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اجلاس میں واسا حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق لاہور کے شہریوں کو جدید اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575204