لاہور۔27مئی (اے پی پی):لاہور میں ریسکیو15 بلڈنگ پر خودکش حملے کے شہدا کی 16 ویں برسی منائی گئی ، اس موقع پر لاہور پولیس نے شہدا کی قبر پر حاضری دی اور ان کی قربانیوں کو خراج ِ عقیدت پیش کیا۔
ترجمان لاہور پولیس کےمطابق لاہور پولیس کے گارڈ نے شہدا انسپکٹرعبدالروف سلطان،کانسٹیبلز شکیل احمد،عمیر نذیر،نثار منشا،حافظ محمد ندیم اور محمد اکرم کی قبروں پر حاضری دی ۔لاہور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیا نہ نے کہا کہ لاہور پولیس کی تاریخ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے جانثاروں سے بھری پڑی ہے۔ لاہور پولیس کے342 افسران و اہلکار وں نے فرض کی راہ میں اپنی جانیں نچھاور کی ہیں۔ شہدا کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔لاہور پولیس مستقبل میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔