لاہور۔7اگست (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کا وفدانٹیکس سری لنکا کے 15ویں ایڈیشن میں شرکت کے لیے کولمبوروانہ ہوگیا۔وفد کے رہنما محمد اریب نے روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف سی اس صنعت کے ورلڈ لیڈرز کے ساتھ نیٹ ورکنگ اور اعلی معیار کے پاکستانی کپڑوں اور دستکاری کو فروغ دینے کےلئے پر عزم ہے۔ کولمبو میں منعقد ہونے والی یہ نمائش صنعت میں جدید ترین رجحانات، ٹیکنالوجیز اور اختراعات کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں پی ایف سی کی شرکت عالمی سطح پر پاکستان کے فرنیچر اور ٹیکسٹائل سیکٹر کو فروغ دینے، ملک کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرنے اور سری لنکا و دیگر شریک ممالک کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے اس کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب مختلف قسم کی مصنوعات کی نمائش کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے جس میں فائبر، یارن، ملبوسات، ڈینم فیبرکس اور لباس کے دیگر لوازمات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی کا مقصد چن ون چین آف سٹورز کے تعاون سے کاروبار کے نئے مواقع کی تلاش، عالمی مارکیٹوں میں اپنی موجودگی کو بڑھانا اور ٹیکسٹائل و ملبوسات کی صنعت میں دیگر ممالک اور غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔