لاہور۔14مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی ہدایت پر رمضان المبارک میں گراں فروشی کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی نگرانی میں ضلع بھر میں قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
ڈی سی لاہور کی قیادت میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی پر 118 ایف آئی آرز درج کی گئیں، جبکہ 89 املاک کو سیل کر دیا گیا۔ گراں فروشی میں ملوث دکانداروں پر مجموعی طور پر 36 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ معمولی خلاف ورزیوں پر دکانداروں کو آخری وارننگ جاری کی گئی ہے۔
ڈی سی لاہور نے واضح کیا کہ رمضان میں غیر قانونی مہنگائی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور عوامی سہولت کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور ناجائز منافع خوری کا خاتمہ ممکن ہو۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572794