لاہور۔23مئی (اے پی پی):لاہور،گرین ٹائون پولیس نے کارروائی کر کے مدرسہ کی طلبہ کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے والا اوباش گرفتار کرلیا۔ترجمان پولیس کے مطابق مدرسہ کی بچیوں کو ہراساں اور نازیبا حرکات کرنے والی ویڈیو وائرل ہوتے ہی گرین ٹائون پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے فوری کارروائی کا آغاز کر دیا۔
جمعہ کے روز تفصیلات سے آگاہ کرتے ہو ئے ایس پی صدر ڈاکٹر غیور احمد خاں نے بتایا کہ گرین ٹائون کے علاقہ میں مدرسہ کی بچیوں کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں،جس کی وجہ سے طلبہ کے والدین سخت پریشان تھے، متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کی سربراہی میں گرین ٹائون پولیس نے گذشتہ روز بر وقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم حمزہ کو بلاک تھری سیکٹر سی ون ٹائون شپ سے گرفتار کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی مریم نواز کے ویژن کے مطابق خواتین اور بچیوں کو ہراساں اور تنگ کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے،ایس پی صدر نے اوباش نوجوان کو گرفتار کرنے پر گرین ٹائون کی پولیس ٹیم کو شاباش دی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600625