لاہور، گورنر الیون نے دوستانہ کرکٹ میچ میں شوبز سٹار الیون کو ہرا دیا

116

لاہور۔17جنوری (اے پی پی):گورنر ہاوس لاہور میں شوبز سٹار الیون اور گورنر الیون کے درمیان دوستانہ کرکٹ میچ کھیلا گیا ۔گورنر الیون نے بہترین کارکردگی پر میدان مار لیا۔اس موقع پرگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر اقبال چنٹر نے گورنر الیون کی جانب سے نمائندگی کرتے ہوئے خوبصورت بولنگ اور بلے بازی کی ۔دوسری جانب شوبز سٹار الیون کی جانب سے سلیم شیخ ،گلوکار ابرار الحق اور ارباز خان نے بھی قسمت آزمائی کی۔

سنسنی خیز مقابلہ میں گورنر الیون نے شوبز سٹار الیون کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ صحت مند جسم کیلئے صحت مند سرگرمیاں ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ہماری نوجوان نسل تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی اپنا لوہا منوارہی ہے۔ گورنر پنجاب اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے سپورٹس کے فروغ کے لیے لاہور قلندر اور سول سٹی کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پرشائقین کرکٹ کی کثیر تعدادموجود تھی جو میچ سے خوب لطف اندوز ہوئے۔