لاہور۔25اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ذیشان شبیررانا،ایڈیشنل سیکرٹری انوربریار،چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق بھٹی اورڈائریکٹر فنانس حمادالرب نے شرکت کی۔وڈیولنک کے ذریعے پرنسپل ساہیوال ٹیچنگ کالج پروفیسرعمران حسن اور ان کی ٹیم،ایکسین اور ایس ڈی او نے شرکت کی۔
صوبائی وزیرصحت نے اجلاس کے دوران ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں کارڈیک سنٹر کے قیام کے حوالے سے تازہ پیش رفت کاجائزہ لیا۔متعلقہ حکام نے اس حوالے سے بریفنگ بھی دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔لاہوراورسرگودھامیں اسٹیٹ آف دی آرٹ انسٹیٹیوٹس آف کارڈیالوجی بنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں کارڈیک سنٹر کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588021