لاہور۔10اگست (اے پی پی):محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے شمال مشرقی اور بالا ئی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہوائوں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان تاہم دیگر اضلاع میں موسم زیادہ تر گرم و مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران با لا ئی علاقوں سمیت لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال کے گردونواح میں بارش کا امکان جبکہ دیگر علاقوں میں موسم زیادہ تر گرم و مرطوب رہنے کی توقع ہے ۔
ترجمان کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے متعدد علاقوں میں تیز ہوائوں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم و مر طوب رہا ۔لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت29 اور زیادہ سے زیادہ 34 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب60 فیصدرہا۔لا ہور میں آلودگی کی مجموعی شرح 77فیصد رہی جبکہ شہر کے مختلف علاقوں یو نیور سٹی آف ایجو کیشن 107 ،ڈائمنڈ پینٹس105،یو ایم ٹی 105، ایف ایف پاکستان 88،پاکستان انجینئرنگ سروسز94اورایس او ایس ویلج میں 102 ایئر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔