لاہور۔15مئی (اے پی پی):لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 9 مئی کے واقعات میں تحریک انصاف کی گرفتار خواتین رہنمائوں صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 29مئی تک توسیع کردی ۔انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی۔
بدھ کے روز سماعت پر دونوں خواتین رہنمائوں کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ دونوں خواتین کے جیل وارنٹ پیپرز عدالت میں پیش گئے گئے جن میں بتایا گیا کہ امن و امان کی صورتحال کے باعث دونوں خواتین کو سرگودھا جیل سے لاہور نہیں لایا جاسکا۔
پولیس کی جانب سے خواتین ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 29مئی تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر دونوں خواتین کوعدالت پیش کرنے کا حکم دیا ۔