لاہور۔29جولائی (اے پی پی):صوبائی دارلحکومت میں اندرون موچی گیٹ نثار حویلی سے برآمد ہونیوالا یوم عاشورہ کا تاریخی مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگیا۔ مرکزی جلوس قدیمی اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچا۔ جلوس کی برآمدگی کے بعد کشمیری مسجد محلہ شیعاں میں اذان علی اکبر دی گئی۔ شبیہہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس 9 اور 10 محرم الحرام کی درمیانی رات نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا۔ ماتم حسین کی صدا بلند ہوتے ہی شبیہہ ذوالجناح برآمد کی گئی۔ مرکزی جلوس حسب روایت جب فجر کے وقت مسجد کشمیریاں محلہ شیعاں پہنچا تو وہاں شہزادہ علی اکبر کی اذان کی یاد میں اذان علی اکبر دی گئی۔
عزادار جلوس میں کربلا کے شہدا کی قربانیوں کو یاد کرکے شب بھر ماتم اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔ رنگ محل میں جلوس کے شرکا نے نماز ظہرین ادا کی۔عاشورہ کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے نکل کر بعداز نماز مغرب اپنی منزل کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔ جس کے بعد مجلس شام غریباں برپا کی گئی۔ مرکزی جلوس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ، جلوس کے روٹ کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے تھے، مرکزی جلوس کی 395 سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی گئی، جس کیلئے3 آپریشن روم قائم کیے گئے ۔ مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر 11 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیتے رہے۔ مرکزی جلوس کے داخلی راستے پر پانچ مقامات پر تلاشی یقینی بنائی گئی۔