لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں دو روزہ کتھک ورکشاپ کا آغاز

123
لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں دو روزہ کتھک ورکشاپ کا آغاز

لاہور۔21نومبر (اے پی پی):لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں منگل کے روز دو روزہ کتھک ورکشاپ کا آغاز ہوگیا۔نامور کتھک آرٹسٹ فرح یاسمین شیخ نے تربیت دی۔ورکشاپ کا انعقاد الحمرا اور فیض فائونڈیشن کے مشترکہ تعاون سے کیا جا رہا ہے۔کتھک تربیت کے پروگرام میں پچاس سے زائد نوجوان آرٹسٹوں نے شرکت کی۔فرح یاسمین شیخ نے نوجوانوں کو کتھک کی تاریخ،بنیادی تکنیکی مہارتوں و دیگر مندرجات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ورکشاپ کتھک کے شعبہ میں ابھرتے ٹیلنٹ کو سپورٹ کرنے کے لئے قابل تعریف اقدام ہے۔

اس موقع پر ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمرا طارق محمود چوہدری نے اپنے تاثرات میں کہا کہ فن کی سرپرستی کر کے الحمرا نئی نسل کے لئے مواقعوں کے امکانات روشن کرر ہا ہے،ورکشاپ میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت کتھک کے شعبے میں انکی لگن کو ظاہر کرتی ہے۔کتھک کی تربیت کی یہ ورکشاپ 22 نومبر تک جاری رہے گی۔