لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے مالی سال 2024-25 میں 1 لاکھ 28 ہزار سے زائد مقامات پر بجلی چوری بے نقاب کی ،ترجمان

11
Crackdown against
Crackdown against

لاہور۔30جون (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی واضح ہدایات پر لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کے تحت قائم کردہ ڈسکو سپورٹ یونٹس نے مالی سال 2024-25 کے دوران بجلی چوروں کے خلاف بلاتفریق اور بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں۔ ترجمان کے مطابق ایک سال کے دوران لیسکو کے تمام سرکلز میں مجموعی طور پر ایک لاکھ اٹھائیس ہزار سولہ (128,016) مقامات پر بجلی چوری کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے ایک لاکھ ستائیس ہزار نو سو چھ (127,906) مقدمات کے اندراج کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں جمع کروائی گئیں جبکہ مختلف کارروائیوں میں بارہ ہزار چار سو تراسی (12,483) افراد کو گرفتار کیا گیا۔

بجلی چوری کے خلاف جاری ان آپریشنز میں جہاں عام شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی، وہیں ایسے ملازمین کو بھی نہیں بخشا گیا جو اس غیرقانونی عمل میں سہولت کار بنے۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر چھ (6) ملازمین کو گرفتار اور اڑتالیس (48) کو معطل کیا گیا۔ ان کارروائیوں میں ناردرن سرکل لاہور میں چوبیس ہزار آٹھ سو ستاسی (24,887) مقامات پر بجلی چوری پکڑی گئی، چوبیس ہزار آٹھ سو انچاس (24,849) ایف آئی آرز درج ہوئیں اور چار سو چھیالیس (446) افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ (1)ملازم لو معطل اور پانچ (5) ملازمین کو حراست میں لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق سینٹرل سرکل لاہور میں اٹھارہ ہزار ستاسی (18,087) کیسز رپورٹ ہوئے، اٹھارہ ہزار چون (18,054) ایف آئی آرز اور چار سو سڑسٹھ (467) گرفتاریاں ہوئیں جبکہ پانچ () ملازم کو حراست میں لیا گیا۔ ایسٹرن لاہور سرکل میں بیس ہزار ایک سو چھ (20,106) مقامات پر چوری کی نشاندہی ہوئی،

جن میں بیس ہزار اٹھانوے (20,098) ایف آئی آرز اور انیس سو بیس (1,920) گرفتاریاں ہوئیں، اس دوران چار (4) ملازمین کو معطل کیا گیا۔اوکاڑہ سرکل میں سات ہزار ایک سو پانچ (7,105) کیسز، سات ہزار ایک سو چار (7,104) ایف آئی آرز اور سات سو چھتیس (736) گرفتاریاں ہوئیں۔ ساوتھ لاہور سرکل میں چودہ ہزار سات سو چونتیس (14,734) کیسز سامنے آئے، جن میں چودہ ہزار سات سو چوبیس (14,724) ایف آئی آرز اور دو سو اٹھاسی (288) افراد کو حراست میں لیا گیا۔

شیخوپورہ سرکل میں چوبیس ہزار دو سو انسٹھ (24,259) کیسز رپورٹ ہوئے، چوبیس ہزار دو سو تینتالیس (24,243) ایف آئی آرز درج ہوئیں، سولہ (16) گرفتاریاں ہوئیں اور بتیس (32) ملازمین کو معطل کیا گیا۔ قصور سرکل میں سولہ ہزار تین سو ساٹھ (16,360) بجلی چوری کے مقامات سامنے آئے، سولہ ہزار تین سو چھپن (16,356) ایف آئی آرز اور آٹھ ہزار پانچ سو اٹھہتر (8,578) گرفتاریاں عمل میں آئیں، جبکہ دس (10) ملازمین معطل کیے گئے۔ ننکانہ سرکل میں دو ہزار چار سو اٹھہتر (2,478) مقامات پر چوری کی نشاندہی ہوئی، تمام پر ایف آئی آرز درج ہوئیں، بتیس (32) افراد گرفتار اور ایک (1) ملازم کو معطل کیا گیا۔

چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ لیسکو ایک شفاف، ایماندار اور صارف دوست نظام پر یقین رکھتی ہے، تاکہ وہ تمام صارفین جو بل باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں، ان پر کسی قسم کا غیرضروری بوجھ نہ پڑے۔انہوں نے واضح کیا کہ ادارے کے اندر یا باہر بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی ۔