لاہور۔18نومبر (اے پی پی):سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مشرقی ہوائوں کے رخ اور رفتار میں تبدیلی سے پنجاب میں سموگ کی صورت حال بہتر ہو گئی ہے، وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر لاہور اور ملتان ڈویژن کے سوا تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے 19 نومبر بروز منگل سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے-
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ سکول پونے 9 بجے سے پہلے نہیں کھلیں گے، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے(ای پی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے دستخطوں سے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطا بق تمام طالب علم، اساتذہ اور عملہ لازمی ماسک پہنیں گے،آوٹ ڈور سپورٹس اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں پر پابندی رہے گی، جماعتوں کے لحاظ سے الگ الگ چھٹی کے اوقات مقرر ہوں گے تاکہ ٹریفک کا رش نہ ہو۔
سینئرصوبائی وزیر نے کہا کہ سکول انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی ذمہ دار ہو گی،انسانی زندگیوں کو نقصان سے بچانے کے لیے مشکل فیصلے کئے گئے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ بچوں کی تعلیم بہت ضروری ہے لیکن ان کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے، سکول انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائے۔سینئر صوبائی وزیرنے حکومتی اقدامات میں تعاون پر عوام کا شکریہ ادا کیا اورپنجاب حکومت کے تمام اداروں، ای پی اے، پولیس، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور عملے کو شاباش دی ۔ درایں اثنا ء ماحولیاتی ماہرین کے مطابق بالائی علاقوں میں بارش برسنے سے پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں فضا کا معیار بہتر ہوا ہے۔