لاہور اور کراچی نے نیشنل ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی

83
National Women's T20 Tournament

راولپنڈی۔30جنوری (اے پی پی):لاہور اور کراچی نے نیشنل ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ، گزشتہ روز آخری لیگ میچوں میں راولپنڈی نے کوئٹہ ، کراچی نے ملتان اور لاہور نے پشاور کے خلاف کامیابی حاصل کی ، لاہور کی ٹیم پہلے رائونڈ میں ناقابل شکست رہی اور تمام 10 میچ جیت کر 20 پوائنٹس حاصل کیے ، کراچی کی ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی ،

ٹورنامنٹ کا فائنل (کل) بدھ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ، منگل کے روز شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں راولپنڈی نے کوئٹہ کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا ، کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 84 رنز بنائے ، عائمہ سلیم نے 3 وکٹیں حاصل کیں ، جواب میں راولپنڈی نے مطلوبہ ہدف عالیہ ریاض کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا ،

عالیہ ریاض نے 18 گیندوں پر 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 58 رنز بنائے ، انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، ایوب پارک گراؤنڈ ، راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی نے ملتان کے خلاف ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 20 رنز سے کامیابی حاصل کی ، ملتان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنائے ، گل فیروزہ نے 67 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ،

جواب میں کراچی نے 15 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی اور میچ ختم کر دیا گیا ، جویریہ خان نے 40 رنز بنائے ، ملتان کی کپتان گل فیروزہ پلیئر آف دی میچ قرار پائیں ، ڈائمنڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں لاہور نے پشاور کو بآسانی 10 وکٹوں سے شکست دے دی ، پشاور کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 50 رنز پر آؤٹ ہو گئی ،

نشرہ سندھو نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 2 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں ، جواب میں لاہور نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا ، سدرہ امین نے ناقابل شکست 41 رنز بنائے ، نشرہ سندھو کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔