اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز 306 کا لاپتہ پہیہ ڈھونڈ لیا گیا۔ یہ پہیہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ریموٹ پارکنگ بے کے قریب، اسفہانی ہینگر کے قریب سے ملا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ایئرپورٹ کے ویل شاپ ٹیکنیشنز نے گرائونڈڈ بوئنگ 777 طیارے کے لینڈنگ گیئر کے قریب پڑے 320 طیارے کے ٹائیر کی نشاندہی کی۔
پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی (پی اے اے) تصدیق کرتی ہے کہ پہیے کی علیحدگی سے کسی جانی یا مالی نقصان کے شواہد نہیں ملے جبکہ متعلقہ حکام اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پرواز PK 306 جو کراچی سے لاہور جا رہی تھی، مقررہ وقت پر بحفاظت لاہور پہنچی۔ لینڈنگ کے بعد کے معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ مین لینڈنگ گیئر کے چھ پہیوں میں سے ایک غائب ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572647