لاہور۔21نومبر (اے پی پی):پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے مخیر حضرات کے مالی تعاون سے لاہور جنرل ہسپتال میں تعمیر کئے جانے والے سٹیٹ آف دی آرٹ دو مسافر خانوں کا افتتاح کر دیا ہے۔مریضوں کے ہمراہ آنے والے تیمارداروں کو تیز دھوپ اور سخت سردی سے تحفظ کے ساتھ ساتھ موسمیاتی اثرات و سموگ سے بچاو کے لئے بھی یہ اقدام انتہائی معاون ثابت ہوگا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ معیاری اور جدید طرز کے مسافر خانوں میں "مسٹ فین "بھی نصب کر دیئے گئے ہیں جو سموگ کو کم کرنے کے ساتھ گرمیوں میں مسافر خانوں میں موجود لوگوں پر ٹھنڈی ہوا بھی پھینکیں گے۔اس حوالے سے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فریاد حسین نے پرنسپل پی جی ایم آئی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہاں مریضوں کے200 کے قریب تیماردار 24 گھنٹے قیام کر سکیں گے اور مناسب انداز میں اپنے مریض کی دیکھ بھال کر سکیں گے جبکہ ان مسافر خانوں کے باعث وارڈز اور راہداریوں میں موجود لوگوں کا رش بھی کم ہو جائیگا جس سے ہسپتال میں نظم و ضبط بحال رکھنے میں مدد ملے گی اور ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کے لئے بھی ا سودگی کا باعث ہوں گے۔اس موقع پر انتظامی ڈاکٹرز و ہیلتھ پروفیشنلز بھی موجود تھے۔ پرنسپل پروفیسر الفرید ظفرنے جدید سسٹم نصب کرنے پر مخیر حضرات کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کی عطا کی ہوئی دولت کودکھی انسانیت کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنا اور خدمت خلق کو اپنی زندگی کا شعار بنانا بلند اخلاقی اقدار اور اعلی اوصاف کی نشانی ہے جو قرب الہی کا سبب بنتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے کشادہ دست فراخ دل حضرات جو دکھی انسانیت پر اپنا پیسہ خرچ کرتے ہیں در حقیقت وہی ان کے دکھ درد کے ساتھی ہوتے ہیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے مسافر خانوں کی تعمیر اور وہاں قیام کرنے والے افراد کیلئے کھانے کا اہتمام کرنے والے صاحب دل افراد کے جذبہ انسانیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انکی یہ کاوش اور نیکی اللہ تعالی کے حضور ضرور قبول ہوگی کیونکہ موسم گرما اور سرما میں درجہ حرات کی شدت سے بچائو کے لئے ایسی محفوظ پناہ گاہ میسر آنے پر لوگ انہیں دل سے دعائیں دیں گے۔ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا تھا کہ مخیر حضرات جنرل ہسپتال کو دل کھول کر عطیات دے رہے ہیں جس کی بدولت مریضوں کے لئے مزید آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ دکھی انسانیت کے لیے اپنے وسائل سے آسانیاں پیدا کرنے والے افراد کی نیکیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ مریضوں و لواحقین کو تینوں وقت کا معیاری کھانا اور دور دراز کے علاقوں سے آنے والے مریضوں کے ہمراہ قیام کرنے والے تیمارداروں کو رہائشی سہولیات کی فراہمی میں معاونت کرنے والے افراد معاشرے کا اثاثہ ہیں جنہیں ان اعمال کا اجر دنیا اور آخرت میں ضرورملے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=527847