لاہور سمیت دیگر شہروں میں2 سے6 جنوری تک دوران بارش کا امکان ،پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کردیا

222

لاہور۔31دسمبر (اے پی پی):صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 2 سے 6 جنوری تک دوران بارش کا امکان ہے،پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کردیا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مغربی ہوائوں کا ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کے باعث2 سے6 جنوری کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے،بارشوں اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافے کی توقع ہے۔

ترجمان کے مطابق لاہور ،سرگودھا ،میانوالی، بھکر، خوشاب، حافظ آباد، گجرانوالہ، منڈی بہاوالدین ،گجرات، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ فیصل آباد،شیخو پورہ ،نارووال اور سیالکوٹ میں بارش کا امکان ہے،اسی طرح ملتان،ڈیرہ غازی خان،لیہ،مظفرگڑھ،خانیوال، ساہیوال، پاکپتن اوکاڑہ اور بہاولنگر میں بھی ہلکی بارش کے امکانات ہیں۔

ترجمان کے مطابق بارش کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے،یکم جنوری سے6 جنوری تک مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

دریں اثنا ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ سیاح موسم کی مناسبت سے انتہائی محتاط رہیں اور موسمی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا پروگرام ترتیب دیں۔

عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ مسلسل جاری ہے،شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں ،ایمرجنسی میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن1129 پر کال کر یں۔