لاہور۔26فروری (اے پی پی):لاہور سمیت صوبہ بھر میں رواں ماہ لین کی خلاف ورزی پر رواں ماہ 58 ہزار سے زائد شہریوں کے چالان کئے گئے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ کے احکامات پر لین کی پابندی کے لئے کریک ڈائون شروع کردیا گیا ہے ، لاہور سمیت صوبہ بھر میں لین کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف رواں ماہ لین کی خلاف ورزی پر 58 ہزار سے زائد شہریوں کے چالان کئے گئے۔
لاہور، راولپنڈی،فیصل آباد، بہاولپور اور اوکاڑہ میں لین کی خلاف ورزی پر سب سے زیادہ چالان کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ لین کے چالان منظم ٹریفک کے حصول کے لئے کئے جا رہے ہیں ۔لاہور ،راولپنڈی اور ملتان میں گرین لین کے انعقاد سے ٹریفک مزید منظم ہو گئی ہے۔
لین کی پابندی سے حادثات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک ایجوکیشن یونٹ شہریوں کو لین اور گرین لین کی افادیت کے حوالے سے بریف کرے ،شہری محفوظ سفر اور اپنی منزل پر باآسانی پہنچنے کے لیے لین کی پابندی کریں۔