لاہور۔17فروری (اے پی پی):محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی)پنجاب کی ٹیموں نے صوبے کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کے کمانڈر سمیت 7 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے ہفتہ کوبتایا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں 164انٹیلی جنس بیسڈآپریشن کئے گئے۔ان آپریشنز کے دوران لاہور،منڈی بہائوالدین، گوجرانوالا،لیہ، ساہیوال، میانوالی اوربہاولپور سے7مبینہ دہشت گرفتار کئے گئے۔ گرفتار ہونے والوں میں بہاولپور سے کالعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈر معاویہ بھی شامل ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار کئے گئے دیگر مبینہ دہشتگردوں میں رحیم شاہ ،عثمان ،مرتضی حسن، عمرسعید،رحمت،کاشف اور حسنین شامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، ہینڈ گرنیڈز، ڈیٹونیٹرز ،اسلحہ اور گولیاں برآمد کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔