لاہور۔29اگست (اے پی پی):لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع کے دریائوں میں طغیانی کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں سے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پنجاب پولیس کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت سیلاب سے متاثرہ مختلف اضلاع میں 15ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی کیلئے پنجاب پولیس کی700 سے زائد گاڑیاں اور40 کشتیاں استعمال کی جارہی ہیں ، پنجاب پولیس نے 62 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ترجمان نے بتایا کہ پنجاب پولیس نے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے 50 ہزار سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جبکہ پنجاب پولیس نے لاہور میں اب تک 200 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ۔
ترجمان نے کہا کہ آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت سیلاب زدہ علاقوں میں شہریوں کا انخلا، ریسکیو اینڈ ریلیف اینڈ سرگرمیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیا ہے، آئی جی نے ریلیف کیمپوں میں پناہ گزین متاثرہ افراد کو بھرپور سکیورٹی، خوراک، ضروریات زندگی فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ پی ڈی ایم اے سمیت ضلعی انتظامیہ، ریسکیو، سکیورٹی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں، دریائوں کے کنارے آباد دیہاتوں، آبادیوں میں پولیس کی پٹرولنگ باقاعدگی سے جاری رکھی جائے۔